ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / سال نو میں کمن ہلی میں جنسی ہراسانی کا معاملہ؛پولیس نے از خود مقدمہ درج کرلیا

سال نو میں کمن ہلی میں جنسی ہراسانی کا معاملہ؛پولیس نے از خود مقدمہ درج کرلیا

Thu, 05 Jan 2017 11:16:24    S.O. News Service

بنگلورو۔4؍جنوری (ایس او نیوز )شہر کے برگیڈ روڈ اور ایم جی روڈ پر سال نو کی تقریبات کے دوران متعدد شرپسندوں کی طرف سے لڑکیوں پر دست درازی اور ان کی جنسی ہراسانی پر ملک گیر تنقیدوں کے درمیان شہر کے کمن ہلی علاقہ میں بھی ایک لڑکی کو مبینہ طور پر ہراساں کرنے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ 31؍ دسمبر اوریکم جنوری کی درمیانی شب سال نو کی پارٹی ختم کرکے جب یہ لڑکی آٹو کے ذریعہ کمن ہلی پہنچی تو اسکوٹر پر سوار دو افراد نے سڑک پر اسے کھینچا اور اسے جکڑنے کی کوشش کی۔ جب اس نے شور مچانا شروع کردیا تو دونوں اپنی اسکوٹر پر فرار ہوگئے۔اس واقعہ کے سی سی ٹی وی مناظر پولیس کو دستیاب ہوچکے ہیں۔ اس کے پاس موجود کچھ رقم اور اے ٹی ایم کارڈز وغیرہ بھی یہ شرپسند لے کر فرار ہوگئے۔ اس سلسلے میں ایچ بی آر لے آؤٹ پولیس تھانہ میں ایک شکایت درج کرائی گئی ہے۔ سی سی ٹی وی کا جائزہ لینے کے بعد پولیس نے اپنے طور پر اس سلسلے میں کارروائی شروع کردی ہے، اور ہراسانی کا شکار لڑکی کی نشاندہی کرکے اس سے بیان لینے کی کوشش کررہی ہے۔ اس واقعہ میں استعمال کی گئی اسکوٹر کا پولیس نے پتہ لگالیا ہے۔ اس اسکوٹر کی بنیاد پر ملزمین کو گرفتار کرنے کیلئے خصوصی پولیس ٹیم تشکیل دی گئی ہے۔ بانسواڑی پولیس کی نگرانی میں اس معاملے کی جانچ کی جارہی ہے۔ اس دوران شہر کے پولیس کمشنر پروین سود نے بتایاکہ کمن ہلی معاملہ میں ایف آئی آر داخل کرلیا گیا ہے۔ فرانسس نامی ایک شہری کی طرف سے پولیس کو سی سی ٹی وی مناظر مہیا کرائے جانے کے بعد یہ کارروائی کی جارہی ہے، جبکہ برگیڈ روڈ اور چرچ اسٹریٹ کے علاوہ دیگر مقامات پر سال نو کے اہتمام کے دوران جنسی ہراسانیوں کی شکایات پر پولیس نے از خود کارروائی کرتے ہوئے اس سلسلے میں خصوصی ٹیمیں تشکیل دی ہیں اور دستیاب سی سی ٹی وی مناظر کی بنیاد پر خاطیوں کی نشاندہی تیزی سے کی جارہی ہے، اس سلسلے میں چند افراد کو تحویل میں لیا گیا ہے اور ان سے پوچھ تاچھ بھی جاری ہے۔ انہوں نے کہاکہ آنے والے دنوں میں اس طرح کے واقعات رونما نہ ہوں اس کیلئے سخت احتیاطی قدم اٹھائے جائیں گے۔ ایم جی روڈ اور آس پاس کے علاقوں سے پولیس نے 60 سے زائد سی سی ٹی وی کیمروں کے مناظر حاصل کرلئے ہیں۔ اس کے علاوہ میڈیا کے ذریعہ جو منظر کشی کی گئی وہ ویڈیوز بھی پولیس نے حاصل کرلئے ہیں ،ان تمام کا بغور جائزہ لینے کا کام جاری ہے۔


Share: